ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی : شکتی اسکیم کے تحت مفت سفر - مسافروں کے مقابلے بسوں کی تعداد کم ہونے سے پریشانی کا سامنا

سرسی : شکتی اسکیم کے تحت مفت سفر - مسافروں کے مقابلے بسوں کی تعداد کم ہونے سے پریشانی کا سامنا

Wed, 05 Jul 2023 22:36:44    S.O. News Service

سرسی 5 / جولائی (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی شکتی اسکیم کے تحت مفت سفر کرنے والی خواتین کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوا ہے جس کے چلتے بسوں کی کمی کا مسئلہ لاحق ہوگیا ہے۔
    
مفت سفر کرنے کے لئے ہر شہر کے بس اسٹینڈس پر خواتین کا ہجوم ہمیشہ موجود رہتا ہے اور بسوں کے اندر گھسنے کے لئے جو دھکم پیل اور کھینچا تانی ہوتی ہے اس میں بعض دفعہ جسمانی نقصان کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں۔ 
    
دو دن قبل رات کے وقت سرسی بس اسٹینڈ پر ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا جس میں منگلورو جانے کے لئے بس پر سوار ہونے کے دوران کھینچا تانی میں ایک خاتون نیچے گر گئی جس کے بعد اس کے ہاتھ میں فریکچر آیا ۔ لیکن وہ خاتون درد میں تڑپتی ہوئی اسی بس میں سوار ہوکر اپنی منزل کے لئے روانہ ہوئی ۔ سرسی کے نئے بس اسٹینڈ پر آدھی آدھی رات تک سفر کرنے کے لئے کئی کئی گھنٹے انتظار میں کھڑی خواتین کی قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں۔ 
    
ان حالات کے پیش نظر عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ مسافروں کی بڑھی ہوئی تعداد اور مسافروں کے جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر اب حکومت کو بسوں کی تعداد میں مناسب اضافہ کے علاوہ مزید ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کا تقرر کرنا چاہیے۔ 


Share: